طوفان زدگان کے مسئلے پر سیاست کرنا افسوسناک ہے، وزیر اعلیٰ
لکھنؤ- - - --اتر پردیش کےضلع آگرہ سمیت مختلف علاقوں میں طوفان بادوباراں سے73افراد کی موت کے واقعہ پرسماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے کرناٹک دورے پر سوال کھڑا کیا تھا یوگی نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے موضوع پر سیاست کی جارہی ہےجو زیب نہیں دیتی ۔ سماجوادی پارٹی کومتاثرین کے جذبات کا پاس رکھنا چاہئے ، ان کے زخموں پر مرہم کے بجائے نمک پاشی نہیں کرنی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے آگرہ کے فتح آباد میں ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو فی کس 4 لاکھ روپےبطور معاوضہ پیش کیاگیا اورزخمیوں کواسپتالوں میں مفت علاج کی سہولتوں کاوعدہ کیا گیا ۔ اس سے قبل اکھلیش یادونے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا تھا کہ عوام درد سےکراہ رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ کرناٹک میں پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ یادو نے مزید تحریر کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو کرناٹک میں انتخابی مہم چھوڑ کر فوری طور پر یوپی واپس آنا چاہیے۔ عوام نے ان کو ریاست کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے منتخب کیا ہے ، نہ کہ کرناٹک کی سیاست کیلئے۔ یہاں تک کہا تھاکہ اگر وہ ان حالات میں واپس نہیں آتے، تو پھر انہیں وہاں ہمیشہ اپنا مٹھ بنالینا چاہئے۔واضح ہو کہ طوفان بادوباراں سے آگرہ ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔یہاں 43 افراد ہلاک اور 51 زخمی ہوئے۔