افطار کرانے کے خواہشمند کیا کریں؟
مکہ مکرمہ ... مکہ مکرمہ گورنریٹ کی نگرانی میں کام کرنے والی ”السقایہ والرفادة“ کمیٹی نے رمضان 1439ھ کے دوران مسجد الحرام مکہ مکرمہ کی دیگر مساجد ، خیموں اور میدانوں میں افطار دسترخوان پیش کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب کرلیں۔ ”السقایہ والرفادة“ کا مطلب (پیاسوں کو سیراب کرنا اور بھوکوں کی ضیافت کرنا) ہے۔ مکہ مکرمہ گورنریٹ نے یہ کمیٹی ضیوف الرحمن ، زائرین اور معتمرین کیلئے خورونوش کا بندوبست کرنے کے خواہشمندوں کی سہولت کیلئے قائم کی ہے۔ مکہ مکرمہ گورنریٹ کا نصب العین یہ ہے کہ زائرین کے کھلانے پلانے کا انتظام منظم اور مہذب شکل میں ہو۔ جو لوگ بھی روزہ داروں کی ضیافت میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ العزیزیہ محلے میں کمیٹی کے دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ یہ پہلی منزل پر ہے علاوہ ازیں آن لائن SR-MKH.ORG.SA پر درخواست بھیج سکتے ہیں۔ یہ کمیٹی مکہ گورنریٹ کے ماتحت ہے۔