نرخوں میں گھپلے بازی کرنیوالے 460اداروں کیخلاف کارروائی
جدہ .... وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی تفتیشی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اشیائے صرف کے نرخوں میں گھپلے بازی کرنے والے 460تجارتی ادارو ںکے خلاف کارروائی کی گئی۔ سب سے نمایاںخلاف ورزی یہ پائی گئی کہ بعض مراکز نے سامان پر قیمت کا اسٹیکر نہیں لگایا گیاتھا۔ علاوہ ازیں کیشیئر کے یہاں درج نرخ او رسامان پر چسپاں نرخ میں فرق پایا گیا جبکہ زائد المیعاد اشیاءبھی بھاری مقدار اور تعداد میں ذخیرہ پائی گئیں۔ وزارت تجارت نے انتباہ دیا ہے کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کو حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق معیاری اشیا ءکی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مملکت کے تمام علاقوں میں وقتاً فوقتاً چھاپے مارے جائیں گے۔ اب تک 6419تجارتی مراکز کی تلاشی لی جاچکی ہے۔ 2669کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاءضبط کی گئی ہیں جبکہ تجارتی مراکز کے خلاف 460 اہم خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ مالکان کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کرلیا گیاہے۔