Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت مند غذائی عادات

یہ تو یقیناً آپ جانتے ہی ہونگے کہ بہترین مستقبل کا تعلق کامیابی سے ہے اور کامیابی سے آگے بڑھنے کے لئے اچھی صحت کا ہونا بے حد ضروری ہے ۔ تو بس پھر ! اچھی صحت کے حصول کیلئے آج ہی اپنی خوراک میں سے چینی کی مقدار کم کردیں ۔ اس سے مراد یہ نہیں کہ آپ میٹھا کھانا بالکل ہی چھوڑ دیں بلکہ غذا میں شکر کی اتنی مقدار شامل کریں جو آپ کو ذیابیطس جیسے مرض میں مبتلا کرنے کا باعث نہ بنے ۔ اس سلسلے میں پہلے چائے یا کافی میں شکر کا استعمال رفتہ رفتہ ختم کریں اور اس کے ساتھ ہی ایسے مشروبات سے مکمل پرہیز کریں جن میں شکر کی بھاری مقدار شامل ہو ۔ 
صحت مند اور توانا دماغ کے لئے فریش سبزیوں اور پھلوں کا کثرت سے استعمال کریں ۔ سیب ،  گاجر ،  آڑو اور کیلے جیسے پھل اور سبزیوں کو اپنی روزمرہ کی غذا کا مستقل حصہ بنالیں ۔ یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ آپ کی روزانہ کی خوراک کا 90 فیصد حصہ سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل ہونا چاہیے  ۔ یہ اسی وقت ممکن ہوسکے گا جب آپ ہلکی پھلکی بھوک میں اسنیکس اور تلی ہوئی چیزوں کے بجائے کچی سبزیاں اور پھل کھانے کی عادت ڈالیں گے ۔ اگر آپ یہ عادت ڈالنے میں کامیاب ہوگئے تو سمجھ لیں کہ مستقبل میں کامیابی کیلئے آپ نے مضبوط صحتمند بنیاد حاصل کر لی ۔ 
اس کے علاوہ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ کھانا اطمینان کے ساتھ بیٹھ کر کھائیں ۔ چلتے پھرتے کھانے پینے سے نظام انہضام متاثر ہوتا ہے ۔ کھانا پوری توجہ کے ساتھ کھائیں ،  کھانا کھاتے ہوئے ٹی وی نہ دیکھیں اور موبائل فون بھی استعمال نہ کریں ۔ دماغ کو مختلف سوچوں میں  مصروف کرنے کے بجاۓ کھانے کی جانب توجہ مرکوز رکھیں تاکہ آپ صحیح مقدار میں پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں ۔ 
اچھی صحت کے لئے دودھ کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔اس میں موجود لیکٹوز شوگر جسم کے لئے بے حد ضروری ہے تاہم جسم  میں کیلشیم کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کیلشیم  سے مالا مال پھلوں اور سبزیوں پر بھی انحصار  کیا جا سکتا ہے ۔ پروٹین کی مناسب مقدار حاصل کرنے کے لیے  ہفتے میں 4 انڈے ضرورکھائیں ۔ ابلے  ہوئے  آلو اور کیلے بھی بہتر صحت پانے کے لئے بہت فائدہ مند ہیں . 
 

شیئر: