اورنگ آبادمیں فرقہ وارانہ فساد،2ہلاک،صورتحال کشیدہ
اورنگ آباد۔۔۔۔مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں جمعہ کو رات گئے فرقہ وارانہ جھڑپ کے بعد فساد برپا ہوگیا تھا جس میں2شخص ہلا ک،16پولیس اہلکار سمیت 40 زخمی اور100سے زائد دکانیں،
سڑکوں پر کھڑے ٹرک اور 6سے زائد موٹر سائیکلیں نذر آتش کردی گئی تھیں۔اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورس کی بڑی تعدادعلاقے میں تعینات کردی گئی ۔
پولیس کے اعلیٰ حکام اور اور گشتی سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے شرپسندوں اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری شروع کردی۔ پورے شہر میں دفعہ 144نافذ اور انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی۔اتوار کو حالات مکمل کنٹرول رہے تاہم دونوں فرقو ں کے مابین کشیدگی برقرارہے۔
غیر قانونی طور پر لگائی گئی پانی کی پائپ لائن کاٹنے کے باعث فرقہ وارانہ تشدد کے بعد ہنگامہ برپا ہوا تھا۔فی الحال حالات رفتہ رفتہ معمول پر آرہے ہیں۔علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا۔