Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام کی حقیقت سے ناواقف مبلغین دعوت کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں، آل الشیخ

مکہ مکرمہ.... سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ صالح بن عبدالعزیز آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ اسلام کی حقیقت سے ناواقف مبلغین دعوت دین کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں۔ وہ اتوار کو مکہ مکرمہ میں مسلم وزرائے اوقاف کی مجلس عاملہ کے گیارہوں اجلاس کی صدارت و افتتاحی خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں پاکستان ، مصر، اردن، مراکش، کویت، انڈونیشیا اور زمبیا کے وزراءشریک ہیں۔ آل الشیخ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا اجلاس اسلام کے تعارف ، پیغام دعوت کی ترسیل ، مسجد کے پیغام کی ادائیگی اور اسلامی جدوجہد کے مستقبل کے حوالے سے بہت سارے اضافوں کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کے پیغام ، اسلامی دعوت کے فہم ، اسلام کے تعارف اور پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے تعارف کی ذمہ داری ہمارے اوپر عائد ہوتی ہے۔ مسلم ممالک میں اسلامی امور کی وزارتوں کو سب سے پہلے مساجد پر دھیان دینا ہوگا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد سب سے پہلا کام مساجد کی تعمیر ہی کی شکل میں کیا تھا۔ ہمیں مساجد کے ائمہ ، خطیبوں ، اذان دینے اور خدمت کرنے والوں پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلامی دعوت کا کام بڑے اور گہرے چیلنجوں سے دوچار ہے۔ سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ دعوت کے کام میں ایسے لوگ لگ گئے ہیں جو اسلامی شریعت سے ناواقف ہیں۔ انہیں نہ اسلامی عقائد معلوم ہیں اور نہ تفسیر و حدیث میں علماءکے اقوال کا علم ہے۔ وہ اسلام کے اندر کشادگی اور نبی اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمدلی سے واقفیت نہیں رکھتے۔ وہ یہ نہیں جانتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اہل شرک ، بت پرستوں ، یہود و نصاریٰ کے ساتھ کس طرح پیش آتے تھے۔ آل الشیخ نے کہا کہ غیر مسلموں کو اسلام سے متعارف کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بعض مسلمانوں کی غلطی اور بعض کے جرائم کو پوری امت پر تھوپ دینا حق اور انصا ف کے خلاف ہے۔ 

شیئر: