14مئی 2018ءپیر کو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” الریاض“ کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے جدہ کنگ کپ کےلئے فائنل میچ میں اسٹیڈیم آنے پر پورا سعودی معاشرہ خوشیوں سے سرشار ہے۔ اس واقعہ نے فرزندان وطن اور قائدین کے درمیان تعلق کی نوعیت کو ایک بار پھر اجاگر کردیا۔جب سے شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ نے مملکت کی داغ بیل ڈالی ہے تب سے سعودی عوام و قیاد ت کا رشتہ منفرد شکل میں پھلتا پھولتا رہا ہے۔ یہ رشتہ بیشتر ممالک میں عوام اور حکمرانوں کے معمول کے تعلقات سے یکسر مختلف ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اسٹیڈیم پہنچنے پر عوام نے انکی پذیرائی کی ۔ عوامی گیتوں سے انکا استقبال کیا۔ وہ قائدِ وطن اور فرزندان وطن کے درمیان محبت، ہمدمی اور ہمسازی کا ایسا نمونہ ہے جس کی نظیر بمشکل ہی ملتی ہے۔ اس میں بے ساختگی تھی اور قائد وطن سے تعلق اور محبت کا فطری اظہار بھی تھا۔ خود شاہ سلمان کی جانب سے عوامی پذیرائی کا عمل بھی دیدنی تھا۔
سعودی عوام ہر روز اپنے وطن اور اپنی قیادت سے وارفتگی کا مظاہرہ مختلف شکلوں میں کرتے رہتے ہیں۔ اس میں نوجوان، بچے ، بوڑھے سب شامل ہیں۔ سعودی شہری میدان میں کام کرکے وطن کی سربلندی کیلئے کوشاں نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب سرحدوں پر وطن عزیز کی حرمتوں کا دفاع کرتے ہوئے ملتے ہیں۔
قائد وطن اور فرزندان وطن کی اسٹیڈیم میں ملاقات اور پروانہ وار محبت کا اظہار سعودی امتیاز ہے۔ ایسے عالم میں جبکہ دنیا بھر میں حب الوطنی اور قیادت سے انتساب کے رشتے ماند پڑ رہے ہیں، اس قسم کے پرجوش استقبال نے قائد اور عوام کے درمیان حقیقی تعلق کو نئی شکل میں اجاگر کیا ہے۔