Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے عمرہ اور حج پر ویزا فیس نہیں

مکہ مکرمہ.... وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے واضح کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پہلی بار حج اور عمرے پر آنے والوں کو ویزہ فیس سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ انہوں نے اس پر عملدرآمد جاری رکھنے کی تاکید کی ہے۔ وہ ان خبروں پر تبصرہ کررہے تھے جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پہلی بار عمرے پر آنے والوں سے بھی ویزا فیس وصول کی جارہی ہے۔ وزیر حج نے اس دعوے کی مکمل طور پر تردید کردی۔ وہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ وزیر حج نے کہا کہ حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی نمایاں کام انجام دے رہی ہے اور وزارت حج کی شراکت سے کام کررہی ہے۔ اس موقع پر " ضیوف الرحمن کی خاطر" کے زیر عنوان ایک پروگرام دکھایا گیا جس میں حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے حج و عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کو پیش کی جانے والی مختلف خدمات کا تعارف کرایا گیا تھا۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ زائرین میں اسلامی اقدار ، میانہ روی، اعتدال اور رواداری کے فروغ کیلئے سعودی ویژن 2030 کے عین مطابق خدمات انجام دے رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین انتظامیہ وزارت حج کی شراکت سے زائرین کے تمام مسائل حل کرنے اور انہیں مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے قومی تبدیلی پروگرام کے ضمن میں حرمین شریفین اور زائرین کی بابت متعدد نئے فارمولے بھی پیش کئے۔ 
 

شیئر: