Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر کارروائیاں

ریاض....محکمہ ٹریفک پولیس نے مخصوص افراد کےلئے پارکنگ کی خلاف ورزی پر 905 گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لیں۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایسی پارکنگ جو معذورافراد کےلئے مخصوص ہے وہاں عام لوگوں کو گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑی پولیس یارڈ میں جمع کروا دی جاتی ہے جہاں جرمانہ ادا کرنے کے 24 گھنٹے بعد گاڑی اسکے مالک کو دی جاتی ہے ۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت کے مختلف شہروں سے 905 گاڑیاں پولیس نے اپنی تحویل میں لیں جنہیں معذور افراد کی پارکنگ میں کھڑا کیا گیا تھا ۔ واضح رہے معذور افراد کے لئے ہوائی اڈوں ، اسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن پر معذور وں کی پارکنگ کے مخصوص بورڈ نصب کئے گئے ہیں ان مقامات پر عام افراد اپنی گاڑی پارک نہیں کر سکتے خلاف ورزی کرنے پر چالان ہی نہیں کیا جاتا بلکہ گاڑی کو 24 گھنٹے پولیس یارڈ میں جمع کروادیا جاتا ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے سختی سے کہا گیا ہے کہ عام افراد معذوروں کے لئے بنائی گئی پارکنگ میں اپنی گاڑی کھڑی نہ کریں ۔

                                

شیئر: