مملکت کی سلامتی کے خلاف بیرونی سازشوں کا آلہ کار بننے والے 7 افراد گرفتار
ریاض .... قومی سیکیورٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے ملی سلامتی کے خلاف کارروائیوں میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے غیر ملکی عناصر سے رابطے تھے جو مملکت کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے کےلئے کام کررہے تھے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی نے قومی سلامتی کے ادارے کے ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گرفتا ر افراد سے مزید تحقیقات کی جاری ہیں ۔ مشتبہ افراد پر الزام ہے کہ انہو ںنے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور اپنا دائرہ عمل وسیع کرنے کےلئے حساس مقامات پر متعین اہلکاروں کو اپنا ہم خیال بنانے کے لئے کام کیا اور اپنے مذموم مقاصد کےلئے فنڈ ریزنگ بھی کی ۔ ملزمان کے بارے میں ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ انکے بیرون ملک اداروں سے روابط تھے جن کے ذریعے وہ بیرون عناصر کا ایجنڈا مملکت میں نافذ کرنے کےلئے کام کر رہے تھے ۔ دریں اثناءسبق نیوز کے مطابق گرفتار شدگان میں 4 مرد اور 3خواتین شامل ہیں ۔ سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا جن میں ابراہیم عبدالرحمان المدیمیغ، محمد فہد الربیعہ ، عبدالعزیز محمد المشعل ، لجین ھذلول الھذلول ، عزیزیہ محمد الیوسف ، ایمان فہد النفجان شامل ہیں جبکہ ساتویں شخص کا نام قومی سلامتی کی غرض سے مخفی رکھا گیا ہے جس سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ قومی سلامتی ادارے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حساس اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کی روشنی میں مذکورہ گروہ پر کڑی نگاہ رکھی جارہی تھی ۔ گروہ کی جانب سے قومی سلامتی کے خلاف مشکو ک سرگرمیاں جاری رہیں۔ ملزمان کے بیرون ملک روابط کے بارے میں بھی ادارے کو مکمل معلومات حاصل ہونے کے بعد انکے خلاف کارروائی کی گئی ۔قومی سلامتی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گروہ کے ارکان اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کےلئے جو ایجنڈا مرتب کیا تھا اس میں حساس ادارے میں متعین اہلکاروں کو اپنا ہمنوا بنانا شامل تھا جس کےلئے کام کررہے تھے ۔ بیرون ملک سے انکے روابط تھے جہاں سے فنڈنگ بھی کی جارہی تھی جسے استعمال کرکے وہ اہلکاروں کو اپنا ہمنوا بنانے کے لئے کام کررہے تھے ۔قومی سلامتی ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مملکت کے امن عامہ کو تہہ و بالا کرنا اتنا آسان نہیں ۔ قومی سلامتی ادارے کے اہلکار ہمہ وقت بیدار ہیں ۔ مشکوک ملزمان سے وسیع پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں ۔