سینیئر کھلاڑیوں پر ذمہ داری زیادہ ہے، وقار یونس
سڈنی:پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے انگلینڈ کے خلا ف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کیلئے اسد شفیق اور اظہر علی کی کارکردگی کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجربے کی بنیاد پر دیکھا جائے تو انگلینڈ کی ٹیم بہت آگے ہے لیکن اگر اظہر علی اور اسد شفیق ،مصباح الحق اور یونس خان کا کردار ادا کرسکیں تو جیت کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔ مصباح اور یونس کے جانے کے بعد ٹیم میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے اور انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کے دوران یہ خلا مزید وسیع ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر سینیئر کھلاڑیوں نے اپنے کردار کا ادراک نہیں کیا اور ذمہ داری سنبھالنے آگے نہیں آئے تو یقینی طور پر بڑا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ۔وقار یونس نے کہا کہ لارڈز میں تجربہ کار کھلاڑیوں پر بھی دباو ہوتا ہے اس لئے اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ کپتان سرفراز کو نہ صرف اس دباو سے نمٹنا ہے بلکہ سابق کپتان اور سینیئر بیٹسمین کی جگہ انہی جیسی ذمہ داری بھی لیناہوگی۔ پاکستان سیریز میں نیا تجربہ کرتے ہوئے ایک بیٹسمین کم کرکے اضافی بولر کھلا رہا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ تجربہ کس حد تک موثر ثابت ہو سکے گا۔دونوں ٹیموں رینکنگ کے بارے میں سوال پروقار یونس کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ویسے بھی رینکنگ کے لحاظ سے انگلینڈ اور پاکستان میں اتنا زیادہ فرق نہیں ۔ اصل چیز میدان میں صورتحال کے مطابق کارکردگی دکھانا ہے اور جو ٹیم اس میں کامیاب رہی ، میدان بھی اسی کے ہاتھ رہے گا۔