واشنگٹن۔۔۔ ٹرمپ نے ایک اور 'یو ٹرن' لیتے ہوئے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اَن سے ملاقات پر ایک بار پھر آمادگی کا اظہار کردیا۔ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شمالی کوریا سے سربراہ ملاقات کے حوالے سے مثبت رابطے اور بات چیت ہوئی ہے۔ اگر یہ ملاقات ہوئی تو 12 جون کو سنگاپور میں ہی ہوگی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ملاقات 12 جون کے بعد بھی ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ 12 جون کو ہونے والی سربراہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔وائٹ ہاؤس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اَن کے نام لکھے گئے خط میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ اس ملاقات کے لیے بہت پرجوش تھے لیکن شمالی کورین رہنما کی جانب سے دیئے گئے چند حالیہ بیانات کی وجہ سے انہیں لگتا ہے کہ یہ وقت اس ملاقات کے لیے مناسب نہیں جس پر شمالی کوریا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کم جونگ اَن ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی سربراہ ملاقات کی منسوخی کے باوجود امریکہ سے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور کسی بھی وقت اور کسی بھی صورت میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہیں۔