Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاغذات نامزدگی کی وصولی جاری، سندھ سب سے آگے

کراچی....پاکستان میں آئندہ ماہ جولائی میں ہونے والے انتخابات کےلئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق یہ سلسلہ 8 جون تک جاری رہے گا۔ الیکشن 2018ء کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی حاصل کرنے میں سب سے زیادہ تیزی صوبہ سندھ میں دیکھی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے کراچی میں صوبائی دفتر سے قومی اسمبلی کے حلقہ 246 کےلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کےلئے کاغذات وصول کرلئے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اویس شاہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ 244 کےلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ جماعت اسلامی کے ہارون سرفراز نے بھی قومی اسمبلی کے حلقہ 241 اور محمد خان اعوان نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 96 کےلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ فنکشنل لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی لکشمن داس، پیپلز پارٹی کے رمیش کمار اور پی ٹی آئی کی طرف سے ڈاکٹر پہلاج رام نے اقلیتی نشستوں پر فارمز حاصل کئے۔ (ن)لیگ کے رہنما کھیل داس کوہستانی بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کی ثریا جتوئی کےلئے ان کے بیٹے نے بھی فارم حاصل کرلیا۔
 

شیئر: