کٹھوعہ :آصفہ زیادتی و قتل کیس میں 7ملزمان پر فرد جرم عائد
جموں کشمیر۔۔۔۔کٹھوعہ زیادتی و قتل کے معاملہ میں پٹھان کوٹ ضلع و سیشن عدالت نے جمعرات کو 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کیا۔جبکہ8ویں ملزم کا فیصلہ زیر سماعت ہے۔ آج یعنی جمعہ سے سیشن عدالت ساتوں ملزمان کے خلاف باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوگیا۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر جے کے چوپڑا کے مطابق سیشن عدالت نے 120-بی (مجرمانہ سازش)، 302 (قتل) اور 376-ڈی (اجتماعی زیادتی) سمیت رنبیر پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کئے ہیں۔جے کے چوپڑا نے بتایا کہ کٹھوعہ میں 8 سالہ بچی آصفہ کو 10جنوری کو اغوا کرنے کے بعدنشہ آور اشیاء کھلا کراجتماعی زیادتی اور قتل کرنے کے معاملہ میں کٹھوعہ کے رہائشی سانجھی رام، اس کے بیٹے وشال، خصوصی پولیس افسر دیپک کھجوریا عرف دیپو، سریندر ورما، پرویش کمار عرف منو، ہیڈ کانسٹیبل تلک راج اور سب انسپکٹر اروند دتا کے خلاف الزامات عائد کئے ہیں جبکہ8واں ملزم نابالغ سانجھی رام کا بھتیجا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کا دعویٰ ہے کہ8واں ملزم بھی بالغ ہے۔چوپڑا نے بتایا کہ ثبوت مٹانے اور رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 328 (زہریلا مادہ کھلانا) کے تحت بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔2پولیس اہلکاروں تلک راج اور اروند دتا کے خلاف رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 161 (سرکاری ملازم کا رشوت لینا) کے تحت بھی الزامات عائد کئے گئے ۔وکیل صفائی نے جج تیجوندر سنگھ سے کہا کہ8واں ملزم نابالغ ہے جس پر فریق استغاثہ نے سخت اعتراض ظاہر کیا۔ چوپڑا نے بتایا کہ عدالت نے حکومت سے اعتراض دائر کرنے کو کہا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اس معاملہ کو پنجاب کے پٹھان کوٹ کی عدالت میں منتقل کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے معاملہ کو پٹھان کوٹ منتقل کرنے کے ساتھ ہی اس معاملہ پر روزانہ فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر بند کمرے میں سماعت کا بھی حکم دیا تھا۔