Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں فرزندان اسلام نے رمضان کا آخری جمعہ حرمین شریفین میں ادا کیا

اسلام کی عظمت کا جذبہ روشن کرنے کیلئے پاکبان بچوں کو بھی ہمراہ لائے
مکہ مکرمہ /مدینہ منورہ (یوسف بلوچ/عامل عثمانی )لاکھوں فرزندان اسلام نے رمضان المبارک کا آخری جمعہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں ادا کیا۔سعودی شہری ، مقیم غیر ملکی ، زائرین او رمعتمرین صبح سویرے سے ہی نماز جمعہ کیلئے حرمین شریفین پہنچنے لگے تھے۔ مقیم غیر ملکیوں میں پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیشی شہری پیش پیش تھے۔ حاضرین نیا لباس زیب تن کرکے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف پہنچے ہوئے تھے۔ بہت سارے پاکستانی ، ہندوستانی اور بنگلہ دیشی اپنے ہمراہ بچوں کو بھی لیکر گئے تھے۔ ان سے بات چیت کرنے سے پتہ چلاکہ وہ اس جذبے سے اپنے بچوں کو حرمین لیکر آئے ہیں تاکہ انکے ذہن میں مسجد الحرام او رمسجد نبوی شریف کی عظمت کے جذبات موجزن ہوں اور وہ اپنی نظروں سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں حرمین شریفین کی حاضری کی تڑپ کا مشاہدہ کریں اور اسے سرمایہ حیات بناکر آئندہ زندگی حرمین شریفین سے غیر معمولی وابستگی کے ساتھ گزاریں۔ حرمین شریفین سے وابستگی سے مراد قرآن و سنت سے وابستگی ہے۔ اطلاعات یہ ہیں کہ دونوںمقامات پر تمام سرکاری اور نجی اداروںنے زائرین کے آرام و راحت اور سہولت کیلئے شاندار انتظامات کئے تھے۔ یہ انتظامات دیکھ کر زائرین نے سعود ی عرب ، اسکے عوام اور قائدین کیلئے دل سے دعائیں کیں او رانکے رزق میں خیر و برکت کی درخواست بھی رب العالمین کے حضور پیش کی۔
 

شیئر: