Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حامد سعید کاظمی کا شاہ محمود قریشی کے مقابلے پر آنے سے انکار

ملتان: سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بات ماننے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آصف زرداری گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر کی ملتان میں واقع رہائش پر پہنچے جہاں دونوں رہنماﺅں نے سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی خواہش تھی کہ حامد سعید کاظمی کو پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کے مقابلے پر انتخابات میں حصہ لینا چاہیے تاہم سابق وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 156 سے انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حلقہ این اے 175 لیاقت پور سے بطور آزاد امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے کہا کہ میں لیاقت پور سے حلقہ 175 سے الیکشن لڑوں گا اور میں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو بھی یہ بات واضح کردی ہے جس پر انہوں نے میری بات کا برا نہیںمنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد فیصلہ کروں گا کہ مجھے کس سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنی چاہیے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے آصف زرداری کی بات نہ ماننے پر حامد سعید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آصف زرداری کو ملتان سے ناکام لوٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حامد سعید کاظمی کے اہم فیصلے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کروں گا۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے بہت نزدیک ہو گئے ہیں۔
 

شیئر: