سیاسی ایجنڈا نہیں‘ تمام حکومتوں پر تنقید کی‘ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور: پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ حسن عسکری نے کہا ہے کہ میں گزشتہ 40 برس سے مختلف اخبارات میں لکھ رہا ہوں اور میں نے جب سے لکھنا شروع کیا ہے تمام حکومتوں پر تنقید کی۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک مقررہ وقت کےلئے آیا ہوں اور اس دوران میرا مقصد اور اولین ترجیح انتخابات کا شفاف انعقاد ممکن بنانا ہوگا۔ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع مہیا کئے جائیں گے۔ ٹیکنوکریٹس پر مشتمل چھوٹی کابینہ تشکیل دی جائے گی جو مکمل غیر سیاسی ہوگی۔ اس دوران ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہوگا۔ قبل ازیں نگراں وزیر اعلیٰ حسن عسکری نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔