بہت تھک گیا ، ومبلڈن کیلئے تیار نہیں، رافیل نڈال
پیرس:عالمی نمبر ون اور 11ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے والے ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ کلے کورٹ کے سخت اور مشکل سیزن کے بعد ایک اور گرینڈ سلام ٹورنامنٹ ومبلڈن میں شرکت کے حوالے سے وہ ابھی پوری طرح تیار نہیں۔نڈال فرنچ اوپن سے پہلے کلے کورٹ پر مونٹی کارلو ، روم اور بارسلونا میںہو نے والے 3دیگر ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں۔ پیرس میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب کے بعد انہوں نے کہا کلے کورٹ سیزن ان کے لئے ذہنی اور جسمانی لحاط سے بہت سخت ثابت ہوا ہے اور وہ کچھ آرام کرنے اور سنبھلنے کے بعد فیصلہ کریں گے ومبلڈن میں شرکت کریں یا نہیں۔نڈال کا کہناتھا کلے کورٹ (کچی مٹی) کے کورٹ سے گھاس والے کورٹ پر کھیل کی منتقلی کھلاڑی کے لئے آسان نہیں ہوتی ۔اپنی کوچنگ ٹیم سے مشورے کے بعد ہی میں کوئی حتمی فیصلہ کر سکوں گا۔یاد رہے کہ ایک اور سابق عالمی نمبر ون نوواک ڈوکووچ بھی فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ومبلڈن میں شرکت پر شکوک کا اظہار کر چکے ہیں۔