عیدملن پروگرام جاری، 7 روزہ غنائی پروگرام کا کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں افتتاح
ریاض....... مملکت بھر میں عید ملن کے پروگرام تیسرے دن بھی جاری رہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 7 روزہ غنائی پروگرام کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں شروع کیا گیا اسے " العید فی السعودیہ" (سعودی عرب میں عید) کا نام دیا گیا۔ اس کے تحت جدہ، ریاض اور دمام میں 7 راتیں غنائی پروگراموں سے آباد کی جائیں گی۔ محکمہ ثقافت اور روتانہ صوتی اور مرئی تنظیم کی جانب سے ان کا انتظام کیا جارہا ہے۔ فریقین نے طے کیا ہے کہ مملکت بھر میں اس کے تحت 100 پروگرام ہونگے۔ عرب اور خلیجی ممالک کے ممتاز فنکار پروگرام پیش کریں گے۔ امسال سعودی دارالحکومت ریاض کے عید پروگراموں میںسب سے زیادہ دھوم روسی سرکس نے مچا رکھی ہے اس کے ساتھ ساتھ غنائی پروگرام بھی نہایت آب و تاب کے ساتھ ہورہے ہیں۔ یہ سب کچھ پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔ سعودی نوجوان اور مقیم غیر ملکی ان تمام پروگراموں کو دیکھنے کیلئے انتہائی اشتیاق کے ساتھ پہنچ رہے ہیں۔ غنائی تقریب میں فی کس ٹکٹ 2 ہزار ریال مقرر کیاگیاتھا ۔ پہلے ہی دنوں میں تمام ٹکٹ ختم ہوگئے۔ روسی سرکس کے ٹکٹ 30 تا 300 ریال میں فروخت ہوئے۔ اطلاعات یہ ہیں کہ اس کا سلسلہ 94 دنوں تک جاری رہے گا۔ 15 جون سے 19 جون تک امیرہ نورہ یونیورسٹی میں روسی سرکس دکھایا جارہا ہے۔ 30 سے 60 ریال ٹکٹ رکھا گیا ہے۔ درة الریاض میں یونیک پروگرام 17 سے 20 جون جبکہ لیزر شو کا بھی پروگرام ہے اس کا ٹکٹ 120 سے 350 ریال تک کا ہے۔ جنادریہ میں گھڑ دوڑ کیلئے مخصوص کنگ عبدالعزیز فیلڈ میں 25 جون تک تفریحات شو جاری رہیں گے۔ 25 جون سے 4 جولائی تک کنگ سلمان اور کنگ خالد چوراہے پر ارینا پروگرام منعقد ہوگا۔ یہاں ورلڈ کپ کے میچ دکھانے کیلئے عظیم الشان دیوہیکل اسکرین نصب کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے ساحلی شہروں پر عید کے رنگا رنگ پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ مقامی شہری، مقیم غیر ملکی اور خارجی سیاح بھی ان پروگراموں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ جدہ کا ساحل گزشتہ 3 روز سے تفریحات اور عید کی خوشیوں کے مناظر پیش کررہا ہے۔ یہی حال دمام اور العقیر ساحل کا بھی ہے۔