ترجمان پی ٹی آئی کے سابق چیف جسٹس پر سنگین الزامات
اسلام آباد۔۔۔پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق چیف جسٹس نے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کروائی اور اب ایک بار پھر رائیونڈ والوں کی حمایت میں نکل پڑے ہیں۔ایک پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے نگراں وزیر اعظم سے استدعا کررکھی ہے تاہم چند عناصر کی وجہ سے یہ ممکن نہیں لگ رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ انتخابات میں بھی سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کرائی تھی۔فواد چودھری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افتخار چودھری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے کا مقدمہ بھی خود ہی سن کر ریلیف دیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارسلان چودھری کا مقدمہ بھی جلد کھلنا چاہیے۔ نیب اچھا کام کررہی ہے تاہم اسے افتخار چودھری کی کرپشن کیوں نظر نہیں آ رہی؟۔