پی آئی اے کے طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
کراچی۔۔۔قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے مسافر طیارے میں فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی جس پر مسافر ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سے رحیم یار خان جانے والے پی آئی اے کے مسافر طیارے کو پرواز کے دوران فنی خرابی کا سامنا ہوا جس کی وجہ سے جہاز کو دوبارہ جناح ائرپورٹ ہی پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی کے 582 کی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے رحیم یار خان کے لیے روانہ ہوئی تھی تاہم دوران پرواز اسے فنی خرابی پیش آ گئی۔طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں میں بے چینی پھیل گئی اور اس موقع پر انہوں نے شور شرابا کیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ اس سے انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ اس طیارے میں دوبارہ جانے پر تیار نہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کو مرمت کے لیے ہینگر میں منتقل کردیا جائے گا۔