کسی ووٹر کا ڈیٹا لیک نہیں کیا ،نادرا حکام
اسلام آباد...نادرا حکام نے شہریوں کا ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق الزامات مسترد کردئیے۔ منگل کو اسلام آباد میں نادرا کے 4 ڈائریکٹر جنرلز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایک شہری کا ڈیٹا کسی بھی پلیٹ فارم سے شیئر نہیں کیا گیا۔ڈی جی نادرا ذوالفقار علی نے کہاکہ آج تک نادرا کی تاریخ میں کوئی ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ کرپشن پرنکالے گئے سابق افسر سید مظفر کی طرف سے الزامات عائد کئے گئے ایک سال قبل ایک انٹرنل ای میل ایک ٹی وی پر چلائی گئی۔انہوںنے کہاکہ کسی بیان کی ترید کر رہے ہیں اور نہ تصدیق۔اس ای میل کا ڈیٹا لیک ہونے سے کوئی تعلق نہیں ۔ذوالفقار علی نے کہا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کی پریزنٹیشن خود سید مظفر علی دینے گئے تھے۔ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے کہ الیکشن کے وقت جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں۔انہو ںنے کہاکہ جتنے بھی دہری شہریت والے ادارے میں ہیں ان سے متعلق عدالت کو بتایا گیا۔ دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ نے ہمارے اقدامات کو سراہا۔ اوور سیز ووٹنگ کے بارے میں بھی سپریم کورٹ نے ہمارے ادارے کی تعریف کی۔ڈی جی نادرا نے کہا کہ ہر سال ادارے کا آڈٹ کیا جاتا ہے ۔الیکشن کمیشن کو وضاحت دے چکے کہ کسی ایک بھی شہری کا ریکارڈ کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ ادارے کی ساکھ کے لئے جو بھی اقدامات اٹھانے پڑے اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے ڈی جی نادرا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے شہریوں کا ڈیٹا لیک کیا ۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے۔