کھانے کے معاملے پر بیوی نے شوہر کو قتل کردیا
جونا گڑھ ۔۔۔۔گجرات کے ضلع جونا گڑھ میں شوہر جب گھر پہنچا تو بیوی سے کھانا طلب کیا۔ کھانالانے میں تاخیر ہوئی تو وہ بیوی سے الجھ گیا۔پھر دونو ں میں بحث تکرار شروع ہوگئی اور بات اس قدر بڑھی کہ بیوی نے طیش میں آکر گھر میں موجود پستول کے بٹ سے شوہر کے سر پر زور داروار کردیا جس سے شوہر موقع پر دم توڑ گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔ تھانہ کے سربراہ ایم اے والا نے بتایا کہ جگدیش جھالا نشے کی حالت میں اپنی بیوی شانتا جھالا کے ساتھ اکثر جھگڑاکیا کرتا تھا۔ دوپہر کو شوہر نے گھر آکر بیوی سے کھانا لانے کیلئے کہا۔ بیوی نے تھوڑا انتظار کرنے کی بات کہی جس پر جگدیش بیوی کو اونچی آواز میں ڈانٹنے لگا اور بیوی کو مارنے کیلئے آگے بڑھا تو شانتا نے گھر میں رکھی پستول اٹھاکر اس کا بٹ شوہر کے سر پر دے مارا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے سر سے خون بہنے لگا اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے جگدیش کے بیٹے ہیرین جھالا کی درخواست پر شانتا کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔جگدیش کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی۔