بزدل نہیں ،بہادری کے تمغے ملے ہیں،مشرف
اسلام آباد... سابق صدر پرویز مشرف نے وطن واپس نہ آنے سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا جانتی ہے بزدل نہیں ہوں۔ اے پی ایم ایل کی فرنٹ سے قیادت کر کے ملک میں بہتری لانے کےلئے واپسی کا پختہ ارادہ تھا ۔ سپریم کورٹ کے عدالت پیش ہونے تک گرفتار نہ کرنے کے احکامات پر تحفظات تھے۔ مناسب وقت کا انتظار ہے ۔پاکستان اور اپنے عوام کی بہتری کے لئے ضرور واپس آوں گا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں صحافیوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے مشرف نے کہا کہ پاکستان آنا چاہتا ہوں مگر موجودہ حالات میں واپسی دانشمندی نہیں تھی۔دنیا جانتی ہے کہ میں بزدل نہیں،بہادری کے تمغے حاصل کئے ہیں۔ ملک کی مزید خدمت اور اسے ترقی سے ہمکنار کرنا چاہتا ہوں۔اپنی پارٹی اور اس کے امیدواران کی انتخابی مہم چلانا چاہتا ہوں۔ سپریم کورٹ نے صرف عدالت میںپیش ہونے تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا ، اس کے بعد اگر گرفتار کر لیا جاتا تو وطن واپسی کا مقصد ختم ہو جانا تھا۔ پاکستان، اس کے عوام اور آل پاکستان مسلم لیگ کی خدمت کے لئے مناسب وقت پر واپس آﺅں گا۔ انتخابی مہم میں پارٹی کے تمام امیدواروں کو سپورٹ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ3 کمرے کے اپارٹمنٹ میں رہتا ہوں۔نیب جائیداد کی ضرور تحقیقات کرے سب کچھ بتاوں گا۔