نظریے پر سمجھوتا نہیں‘ عوام کی ترجیح پی ٹی آئی ہے‘ شاہ محمود
ملتان۔۔۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں پارٹی کے نظریے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جمہوریت میں نمبرز گیم کی اہمیت ہے اور یہ ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کارکن ٹکٹیں نہ ملنے پر ناراض ہیں ان کے لیے نظر ثانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں ہم امیدواروں کا انتظار کرتے رہے تاہم اب صورت حال یہ ہے کہ ایک حلقے سے درجنوں امیدوار آ رہے ہیں۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے مایوس ہو چکے ہیں اور اسی لیے وہ تحریک انصاف کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک امید کے طور پر لے رہے ہیں۔