بحرین آنے والی سعودی خواتین ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں ، سعودی سفیر
بحرین .... بحرین میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہے کہ مملکت میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت کے بعد مملکت سے بحرین آنے والی سعودی خواتین کو چاہئے کہ وہ ٹریفک قوانین کا خاص خیال رکھیں ۔ سعودی سفیر نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ بحرین میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 دینار سے لیکر 1000 دینار تک جرمانہ ہوتا ہے جو تقریبا 10 ہزار ریال کے قریب ہے ۔ آل الشیخ نے اپنے انٹرویو میں مزید کہاکہ عام طور پر سعودی باشندے بحرین میں سب سے زیادہ 3 قسم کی ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوتے ہیں جو اپنی نوعیت کی سنگین خلاف ورزیاں تصور کی جاتی ہیں جن پر چالان کی رقم 20 دینار سے 1000 دینار تک ہو سکتی ہے ان خلاف ورزیوں میں سب سے زیادہ سنگین دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ہے دوسرے نمبر پر اوور اسپیڈنگ اور تیسرے نمبر پر گاڑی کی انشورنس ایکسپائر ہوناشامل ہے ۔ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عمل درآمد شروع ہورہا ہے جو مملکت کے ساتھ عرب ریاستوں میں بھی سالانہ تعطیلات ہیں اس دوران بڑی تعداد میں دونوں ممالک سے شہریوں کی آمد ورفت کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ایسے میں سعودی عرب سے بحرین آنے والے ان امور کا خاص خیال رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں ۔