بلاول کے تمام اثاثے موروثی
اسلام آباد... پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے تمام اثاثے موروثی ہیں۔ بلاول ہاوس کراچی کی مالیت 1990 کے اوائل کی قیمت پر ظاہر کی گئی کیونکہ اس وقت گھر کی مالیت 30لاکھ تھی۔ ٹیکس قوانین کے تحت کسی بھی اثاثے کی مالیت وہی لکھی جاتی ہے جو کسی کے نام پر انتقال کے وقت تھی۔ بلاول نے کاغذات نامزدگی میں3 سال کے ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کے سامنے 70 سے زائد امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جس میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ(ن)، جے یو آئی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت کے امیدوار نے اعتراض دائر نہیں کیا اور نہ کاغذات پر کوئی قانونی اعتراض اٹھایا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین بلاول تمام قوانین پر من و عن عمل کر رہے ہیں۔