’’گوگل بہنیں‘‘،دنیا کے بارے میں کچھ بھی پوچھ سکتے ہیں
پیلی بھیت۔۔۔۔یوپی کے ضلع پیلی بھیت کی رہنے والی 2بہنیں ہنی اور ہنسی کی یادداشت انتہائی تیز ہے۔ ملک ، بیرون ملک اور دنیا سے متعلق کچھ بھی پوچھنے پر ان کا جواب فوراً دیتی ہیں بالکل گوگل سرچ انجن کی طرح۔ہنی کی عمر اس وقت 12سال جبکہ ہنسی 8سال کی ہے۔ یہ دونوں3منٹ کے اندرریاست سمیت دنیا کے بیسوں ممالک کے دارالحکومت کے نام بتادیتی ہیں۔انہیں تمام ممالک کے رقبے ، ان کے قومی ترانے، ترانوں کے مصنف،مشہور جنگیں،تاریخی واقعات فوری بیان کرنے پر قدرت حاصل ہے۔دونوں بہنیں مسابقتی مقابلے بھی جیت چکی ہیں۔انہیں شعرو شاعری کا شوق بھی ہے۔ کئی نظمیں بھی تحریر کرچکی ہیں۔اپنی نظموں کے ذریعے ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘اور صفائی مہم کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کررہی ہیں۔ان کے والد دگ وجے سنگھ اور والدہ سیما کماری اسکول ٹیچر ہیں۔انہوں نے کبھی بھی اپنی بیٹیوں پر یہ تمام چیزیں یاد کرنے کیلئے زور نہیں دیا۔ہنی بریلی کے رادھا مادھو پبلک اسکول میں8ویں کلاس کی طالبہ ہیں جبکہ ہنسی پیلی بھیت کے بیلسا پور میں بالا جی گرلز انٹر کالج میں چھٹی کلاس کی طالبہ ہیں۔ ہنسی کا کہنا ہے کہ بڑی بہن میری آئیڈیل ہیں اور میں سائنسداں یا آئی اے ایس افسر بننا چاہتی ہوں۔