پاکستانی زائرین پر ہندوستانی پابندی ختم
اسلام آباد:ہند کی جانب سے پاکستانی زائرین پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر اجے بساریا کی کوششوں کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے پاکستانی زائرین پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد نئی دہلی میں جاری امیر خسرو کی تقریبات میں شرکت کےلئے 176 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانے کے ایک اہلکار نے ذرائع ابلاغ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویزے جاری کردیئے گئے ہیں تاہم ویزے کی مدت کم کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ امیر خسروکی تقریبات 28 جون تا 5 جولائی تک نئی دہلی میں جاری رہیگا۔