عدن..... یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ 4جہازوں کو الحدیدہ بندرگاہ جانے کا گرین سگنل دیدیا گیا۔ فی الوقت 6جہاز الحدیدہ بندرگاہ پر سامان اتار رہے ہیں۔ 7دیگر جہاز سامان اتروانے کے منتظر ہیں۔ گزشتہ 68 دن سے الحدیدہ بندرگاہ معطل پڑی ہوئی تھی۔ حوثی باغیوں نے 39 دن سے زیادہ تک الحدیدہ بندرگاہ کو معطل کرنے اور رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دریںاثناءیمن کی سرکاری افواج اور حوثیو ںکے خلاف برسرپیکار رضاکار الحدیدہ محاذ کے زبید اور التحیتا ضلعوں کو باغیوں سے صاف کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ یمنی افواج مذکورہ دونوں ضلعوں سے 30کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچی ہوئی ہیں اور الخوکھا سے لیکر الحدیدہ کے جنوب مغربی مضافات تک ساحل کو محفوظ بنانے کا آپریشن کررہی ہیں۔ سرکاری فوج کے شانہ بشانہ لڑنے والے رضاکاروں نے ایران کے حمایت یافتہ 60حوثیوں کو قیدی بنالیا۔ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دریں اثناءیمن میں حوثی باغیوں نے اتحادی طیاروں کی بمباری سے اپنے ایک رہنما کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا جبکہ البیضائ، مغربی ساحل، تعز اور شمالی لہج کے محاذ پر اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں70کے قریب حوثی ہلاک ہوگئے۔