Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحر الاحمر میں حوثیوں کی تخریب کاری کی کوشش ناکام

عدن.... عرب فوجی اتحاد نے بحر احمر میں حوثی باغیوں کی جانب سے تخریب کا ری کی کوشش ناکام بنادی ۔ عاجل ویب نیوز نے اتحادی افواج کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کا ایک گروہ ماہی گیروں کی کشتی میں تخریب کاری کی غرض سے بحرالاحمر میں موجود تھے جنہیں اتحادی افواج کے ایک یونٹ نے روکا ۔ کشتی شہری مقاصد کے لئے استعمال کی جانے والی عام نوعیت کی تھی ۔حوثیوں نے کشتی میں بھاری مقدار میں اسلحہ چھپایا ہوا تھا جن میں ہیوی مشین گن ، راکٹ لانچر اور آرپی جی راکٹ سمیت مختلف نوعیت کا اسلحہ برآمد ہوا ۔ دریں اثناءاتحادی افواج نے تیل سے بھرے جہاز کو حدیدہ بندرگاہ آنے کے لئے پرمٹ جاری کردیا جبکہ بندرگاہ میں اس سے قبل 6 جہاز موجود ہیں علاوہ ازیں 8 جہاز انتظار میں ہیں جو اپنا سامان بندرگاہ میں اتاریں گے ۔ دریں اثناء یمن کے عسکری ذریعے کے مطابق الحدیدہ شہر میں حوثیوں کا ایک اور ایرانی ساختہ ڈرون طیارہ مار گرایا گیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق حوثیوں کا ڈرون گزشتہ روز جنوبی الحدیدہ میں مار گرایا گیا۔ ذرائع کاکہنا تھا کہ حوثی ڈرون کے ذریعے سرکاری فوج کی تنصیبات کی جاسوسی کررہے تھے۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے سے پتا چلا ہے کہ اسے ایران میں تیار کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ یمن میں جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے ایرانی ڈرون طیارے جنگ کے دوران حملوں کے لیے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔یہ پہلاموقع نہیں جب یمنی فوج نے الحدیدہ میں ایرانی ساختہ ڈرون مار گرایا ہے۔ چند روز کے دوران ایرانی ساختہ ڈرون کو مار گرانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔دریں اثناءاطلاعات کے مطابق یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں ایران نواز حوثی باغیوں کے قائم کردہ عقوبت خانے میں قیدیوں اور باغی عناصر کے درمیان اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب باغیوں نے قیدیوں کو الحدیدہ کی مرکزی جیل سے صنعاء، حج اور دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی ملیشیا نے قیدیوں کو ظالمانہ طریقے سے دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی تو اس پر قیدی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے جیلروں اور حوثی باغیوں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر قیدیوں اور باغیوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے الحدیدہ سینٹرل جیل سے قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ سزائے موت کے قیدیوں کو میدان جنگ میں لے جانے کی کوشش شروع کی ۔کشیدگی کے نتیجے میں تین قیدی زخمی ہوگئے تاہم کشیدگی کے فوری بعد فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاعات آ رہی تھیں۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ حوثی باغیوں کے 7 رکنی عملے نے جیل میں گھس کر قیدیوں کو زد و کوب کیا۔ اس کے نتیجے میں قیدی مشتعل ہو گئے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے قیدیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ بھی کی۔
 
 

شیئر: