Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عظیم الشان عکاظ میلہ

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین 
عکاظ میلہ سعودی عرب کی عظیم الشان تاریخ کے روشندان کے طور پر منعقد کیا جارہا ہے۔ مملکت کے اندر اور باہر سے اعلیٰ درجے کے ادیب ، شاعر اور دانشورشرکت کررہے ہیں۔ سعودی عوام بڑے پیمانے پر اسکی پذیرائی کررہے ہیں۔ یہ ماضی کو حال سے جوڑنے اور حال کو مستقبل کی روشن علامت کے طور پر آگے بڑھانے کا امین نظرآرہا ہے۔ یہ مملکت ہی نہیں جزیرہ عرب کی تاریخ کا اہم ترین میلہ ہے۔ یہ صدیوں اقتصادی، تمدنی اورثقافتی کردارادا کرتا رہا ہے۔ اسکی قدرو قیمت ثقافتی فروغ کے دائرے تک محدود نہیں۔ یہ سیاحتی ، تاریخی اور موسمی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی ایک پہچان رکھتا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس کی سرپرستی کررہے ہیں۔ اس سے وطن عزیز سعودی عرب کے تمدن اور حال و مستقبل سے عکاظ میلے کا رشتہ اجاگرہوتا ہے۔ محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے سربراہ اور عکاظ میلے کی استقبالیہ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان نے اپنے افتتاحی خطاب میں یہی بات کہی۔ عکاظ میلے کی تاریخی اہمیت ہے۔ یہ تاریخ و تمدن کے مالک سعود ی عرب کے تمدنی ورثے کی اہم علامت ہے۔ گورنر مکہ مکرمہ خالد الفیصل نے اسی تناظر میں میلے کی سرپرستی اور اسے فروغ دینے میں دلچسپی پر خادم حرمین شریفین کیلئے قدرومنزلت کا اظہار کیا۔
عکاظ میلہ ہر سال منعقد ہورہا ہے۔ یہ اپنے شائقین سے غیر معمولی دلچسپی کا طلب گار ہے۔ اس میں بہت سارے تاریخی پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ دانشور ، ادیب ا ور عرب شعراءاس میں شرکت کررہے ہیں۔دسیوں تقریبات ہورہی ہیں۔ علاوہ ازیں دستی مصنوعات اور ہنر مندوں کی دستکاریوں کو بھی اجاگر کیا جارہا ہے۔ کہہ سکتے ہیں کہ عکاظ میلہ ایک کھلی کتاب ہے جس کے صفحات حال، مستقبل اور ماضی کے قابل فخر سرمائے کے نمائند ہ پھولوں سے سجے ہوئے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: