مخالفین سے عوام کی محبت برداشت نہیں ہوئی‘ بلاول
کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کا لیاری میں غیر معمولی استقبال مخالفین کو ہضم نہیں ہوا جس کی وجہ سے انہوں نے ہمارے قافلے پر پتھراﺅ کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انتخابی مہم کے سلسلے میں اندرون سندھ روانگی سے قبل کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا اور عوام کا رشتہ کئی نسلوں پرانا ہے۔ ہم جہاں بھی جاتے ہیں عوام اپنی محبت کا کھلا اظہار کرتے ہیں جو کہ مخالفین سے برداشت نہیں ہوتا۔ اس لئے انہوں نے سازشوں کے تحت پیپلز پارٹی کے انتخابی قافلے پر پتھراﺅ کیا تاہم ہمارے جیالے خوفزدہ نہیں ہوتے اور وہ لیاری ہی میں موجود رہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ہماری جماعت نے ہمیشہ عوام کو محبت کا پیغام دیا، آئندہ ماہ انتخابات ہونے والے ہیں، اور پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنا منشور پیش کردیا، باقی جماعتوں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ۔