مملکت: مجلس شوریٰ ،شاہ سلمان سے بجلی نرخنامے پر نظرثانی کی درخواست کریگی
ریاض.... سعودی مجلس شوریٰ بجلی کے نرخنامے پر نظر ثانی کی درخواست خادم حرمین شریفین سے کریگی۔ رکن شوریٰ عبداللہ الخالدی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ شوریٰ کے ماتحت اقتصادی و توانائی کمیٹی آج ایک تجویز پر بحث کریگی جس میں خادم حرمین شریفین سے ماہ رواں کے دوران بجلی کے خرچ میں اضافے کے تناظر میں بجلی کے نرخنامے پر نظرثانی کی درخواست کی جائیگی۔ نرخنامے کی انتہائی حد کم کرنے کی گزارش ہوگی۔ علاوہ ازیں بجلی بورڈ کوبل کے حساب کتاب کے طریقہ کار پر غوروخوض کی خاطر فوری مداخلت کے لئے کہا جائیگا۔ بورڈ کے نام خط میں یہ درخواست ہوگی کہ وہ بجلی بل کے حساب کتاب کے طریقہ کار پر نظرثانی کرے۔ تفصیلات کے مطابق الخالدی کا کہنا ہے کہ سٹیزن اکاﺅنٹ (حساب المواطن) کے تحت بجلی بل کے ایک حصے پر زرتلافی دیا جائیگا تاہم اس سے بہت زیادہ فرق نہیں پڑیگا۔ مجلس شوریٰ نے جمادی الاول کے مہینے میں بجلی کمپنی کے مالیاتی معاملات کا حل منظور کرلیا تھا۔ اس سلسلے میں دائمی قرضوں کا معاملہ بھی طے کردیا گیا تھا۔ بجلی کے نئے نرخنامے اور مستقبل کے لئے مجوزہ نرخنامے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ بجلی بورڈ کے گورنر ڈاکٹر عبداللہ الشہری بتا چکے ہیں کہ انہیں ماہ رواں کے دوران بجلی بل کےخلاف 5ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے اطمینان دلایا ہے کہ تمام شکایات کا صاف شفاف انداز میں جائزہ لیا جاتا ہے اور اگر کوئی غلطی بل میں پائی جاتی ہے تو اسکی اصلاح بھی کی جاتی ہے۔