Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج و عودہ کی مدت میں توسیع ابشر سسٹم سے ممکن نہیں ، جوازات

    جدہ ( ارسلان ہاشمی ) تعطیلات پر جانے والے تارکین کے خروج عودہ کی مدت ختم ہونے پر اس میں اضافہ جوازات کے ابشر سسٹم سے ممکن نہیں ۔ مدت میں اضافے کے لئے وزارت خارجہ کی منظو ری حاصل کرنا لازمی ہے۔ جوازات کی جانب سے ٹویٹر پر  پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ابشر سسٹم میں ایسی کوئی سہولت نہیں کہ خروج و عودہ پر جانے والے تارکین یا انکے اہل خانہ کے ویزے کی مدت میں توسیع کی جاسکے ۔ ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں توسیع جوازات کے اختیار میں نہیں ۔اس  حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے استفسار کیا کہ چھٹی پر جانے والے کارکن کا ایک ماہ کا خروج و عودہ ویزہ لگادیا ہے جو سسٹم کے ذریعے جاری ہو چکا کیا خروج و عودہ کی مدت کو ابشر سسٹم کے ذریعے بڑھا کر4 ماہ کیا جاسکتا ہے ۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کے ذمہ دار نے کہا کہ ابشر کے ذریعے صرف خروج و عودہ لگایا جاسکتا ہے اور ایک دفعہ ویزہ جاری ہونے کے بعد اس کی مدت  میں اضا فہ ممکن نہیں۔اگر غیر ملکی کارکن سفر پر روانہ نہیں ہوا اور وہ اپنی چھٹی کی مدت میں اضافہ کرنے کا خواہشمند ہے تو اس کے کفیل کو چاہئے کہ وہ باہمی رضا مندی سے پہلے والے خروج وعودہ  کوجو ایک ماہ  کیلئے لگایا تھا اسے کینسل کرے اور دوسرا مطلوبہ مدت کا ویزہ جاری کروایا جائے ۔اس حوالے سے ادارہ جوازات کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی سروس کیلئے جمع کی جانے والی فیس اسی صورت میں ری فنڈ کی جاسکتی ہے جب تک وہ سروس حاصل نہ کی گئی ہو ۔ سروس حاصل کرنے کے بعد فیس ناقابل واپسی ہو تی ہے ۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کی جانب سے خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کیلئے وضع کئے گئے ضوابط کے مطابق اگر کوئی غیر ملکی کارکن جو خروج و عودہ پر مملکت سے باہر گیا ہوا اور اسے 7 ماہ سے زیادہ مدت گزر چکی ہو تو اس کا ایگزٹ ری انٹری ویزے کی مدت میں توسیع ممکن نہیں ہوگی جبکہ مرافقین جن میں اہلیہ اور بچے شامل ہیں کیلئے یہ مدت 13 ماہ ہے ۔ مذکورہ مدت سے کم ہونے پر خواہشمند اپنے ملک میں قائم سعودی سفارتخانے سے براہ راست رابطہ کر سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود مخصوص فارم بھر کراسے اپنے ادارے یا چیمبر آف کامرس سے تصدیق کروا نے کے بعد  وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کروایا جائے جہاں سے مدت میں توسیع کی منظور ی جاری کی جائے گی جسے وزارت داخلہ کو ارسال کر دیاجائے گا ۔
مزید پڑھیں:- - - -قطر کے حکمرانوں کو اشرفی کا مشورہ

شیئر: