Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”پروازہے جنون“کا ٹریلر ریلیز

 حمزہ علی عباسی کی فلم”پروازہے جنون“کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔ اس ٹریلر میں حمزہ علی عباسی نے سب کی چھٹی کرادی۔ حمزہ علی عباسی، احد رضامیر اورہانیہ عامر کی فلم”پرواز ہے جنون“کے ٹریلر کی لانچنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں فلم کی ٹیم کے ہمراہ اداکارہ سجل علی، ہمایوں سعیداور شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی۔ فلم”پرواز ہے جنون“عید الفطر پر ریلیز کی جانی تھی تاہم کچھ وجوہ کی بنا پر فلم کی ریلیز موخر کردی گئی تھی اور اب فلم کا ٹریلر جاری کیاگیا ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ 
فلم کی کہانی وطن پر جان نثار کرنے کا جذبہ رکھنے والے فائٹر پائلٹس کے گرد گھومتی ہے جس میں حمزہ علی عباسی اور احدرضامیر فائٹر پائلٹس کا کردار نبھارہے ہیں جبکہ ہانیہ عامر وطن کے جذبے سے سرشار امریکی شہریت چھوڑ کر پاکستان ایئر فورس میں شمولیت اختیار کرلیتی ہیں۔ ان کے علاوہ فلم میں اداکارہ کبریٰ خان بھی شامل ہیں۔
حمزہ علی عباسی اپنی پرکشش شخصیت کے باعث پورے ٹریلر میں چھائے رہے۔اگر یہ کہاجائے کہ احد رضامیر اور دیگراداکار ان کے آگے نظر ہی نہیں آئے تو غلط نہیں ہوگا۔ ٹریلر میں دکھائی گئی کہانی کے مطابق فلم میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامراور احد رضامیر کے گرد لَو ٹرائی اینگل دکھایا گیا ہے۔فلم کی ہدایات، ہدایت کار حسیب حسن نے دی ہیں۔ فلم کی کہانی مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”ہمسفر“کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے تحریر کی ہے جبکہ مومنہ درید نے فلم کو پروڈیوس کیاہے۔ حمزہ علی عباسی، احد رضامیر اور ہانیہ عامر کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں آصف رضامیر، معروف کامیڈین شفاعت علی، شمعون عباسی، شاز خان، فرحان علی آغا اورمرینہ خان شامل ہیں۔ فلم عیداالاضحی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
 

شیئر: