کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل بھیج دیئے گئے
اسلام آباد: نیب عدالت نے کیپٹن صفدر کو اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور ن لیگ کے رہنما کیپٹن صفدر کو بکتر بند گاڑی میں نیب عدالت کے عقبی راستے سے لایا گیا اور احتساب بیورو راولپنڈی کی ٹیم نے انہیں سخت سیکورٹی میں جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا جس کے بعد عدالت نے مجرم کو اڈیالہ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔ قبل ازیں کیپٹن (ر) صفدر از خود اپنی گرفتاری دینے کےلئے راولپنڈی پہنچے تو پارٹی کارکنوں کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ ریلی کی صورت میں کیپٹن صفدر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرے، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم کارکنوں کی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکی۔ واضح رہے کہ نیب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے ۔