ریاض..... مشرقی ہندوستان کی ریاست اوڈیشہ کے وزیر صنعت نے سعودی سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ ان کے یہاں زرعی ، سیاحتی اور صنعتی منصوبے شروع کریں۔ وہ سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کے زیر اہتمام سعودی اور ہندوستانی سرمایہ کاروں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر صنعت نے کہا کہ ریاست اوڈیشہ کی حکومت نے زرعی و صنعتی پیداوار بڑھانے ، بنیادی ڈھانچے کے وسائل مہیا کرنے اور خدمات عامہ کی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اوڈیشہ زبردست معدنیاتی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہ ریاست ہندوستان کے اسٹراٹیجک شعبوں میں بے حد اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی شرح نمو میں ہماری ریاست کے نجی شعبے کا کردار غیر معمولی ہے۔ انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ وہ اوڈیشہ کا دورہ کریں اور ہندوستانی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کرکے صنعت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں مہیا امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔ سعودی ہندوستانی بزنس کونسل کی مجلس عاملہ کے رکن صباح المطلق نے مملکت اور ہندوستان کے منفرد تعلقات پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی وفود اور عہدیداروں کی ملاقاتوں نے باہمی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تعاون کے نئے افق روشن کئے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں نے تسلی بخش مکالمہ اور مباحثہ کیا۔ سرمایہ کاروں کو دی جانے والی ترغیبات اور سہولتوں کا تذکرہ کیاگیا۔ سعودی ویژن 2030 کا تعارف کرایاگیا۔