مصر میں وکیل نے دو خواتین کو قتل کرکے گھر میں دفن کردیا
واقعہ مصر کی الاسکندریہ کمشنری کے علاقے المعمورہ میں پیش آیا (فوٹو: العربیہ)
مصر میں دہرے قتل کی واردات نے علاقے میں خوف وہراس پھیلا دیا۔ ایک وکیل نے دو خواتین کو قتل کرکے نعشں گراونڈ فلو پر فلیٹ کے ایک کمرے میں دفن کردیں۔
العربیہ کے مطابق یہ واقعہ مصر کی الاسکندریہ کمشنری کے علاقے المعمورہ میں پیش آیا۔
فلیٹ سے آنے والی بو نے مالک مکان کو متوجہ کیا جس پر اس نے پولیس کو مطلع کیا۔
پولیس نے فلیٹ کا جائزہ لیا تو ایک کمرے کا فرش ادھڑا ہوا تھا جس میں دفن کی گئی دو خواتین کی نعشیں برآمد ہوئیں۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا مرنے والی ایک خاتون وکیل کی کلائنٹ اور دوسری اس کی اہلیہ تھی۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرلی۔
مکان مالک نے بتایا ملزم نے چند ماہ قبل یہ کہہ کر نچلی منزل کا فلیٹ کرایے پر لیا تھا کہ اس کی اہلیہ کی ٹانگوں میں درد ہے۔ اسے سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری ہوتی ہے۔
ملزم کے رویے کے بارے میں لوگوں کا کہنا تھا وہ مشکوک تھا۔ فلیٹ کی بیرونی کھڑکیاں بھی مستقل طورپر بند رکھتا تھا جبکہ اس کے گھر سے اکثر بو بھی آتی تھی۔