ایفی ڈرین کیس: حنیف عباسی کی اپیل مسترد
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے ایفی ڈرین کیس کی روزانہ سماعت کے خلاف ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی اپیل مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ اسلام آباد میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے حنیف عباسی کی جانب سے ہوائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت عالیہ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے جسٹس عظمت سعید نے حنیف عباسی سے کہا کہ ہائی کورٹ نے آپ کے وکلا کی رضامندی ہی سے حکم دیا ہے۔ اتفاق رائے سے سنائے گئے فیصلے کے بعد یہاں کیا لینے آئے ہیں؟ اب ہم اس پر کیسے مداخلت کریں؟
حنیف عباسی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کی جانب سے ایسی کوئی رضامندی نہیں دی گئی۔ جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اس کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔