Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے والوں کےلئے پرمٹ کا اجراءشروع

 ملازمین کی تفصیلات ”مقیم ویب “سائٹ پر ارسال کی جاسکتی ہیں ، غیر رجسٹرڈ کمپنیاں مقررہ ویب سائٹ پر اندراج کر والیں ، جوازات کا انتباہ
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جوازات کی جانب سے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ جانے کےلئے اجازت ناموں کا اجراءشروع کردیاگیا ہے ۔”مقیم“ ویب سائٹ پر اجازت ناموں کے حصول کےلئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں ۔ ویب سائٹ پرغیر رجسٹرڈ کمپنیاں فوری طور پر اندراج کروالیں۔ تفصیلات کے مطابق حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ کے علاوہ دیگر شہروں میں مقیم اور مقامی افرا دکےلئے مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے جس کا مقصد مکہ مکرمہ میں عازمین کو سہولت پہنچانے کے علاوہ شہر مقدس میں ازدحام کوکنٹرول کرنا ہوتا ہے ۔ وہ غیر ملکی جو دیگر شہروں میں مقیم ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانا ہو تا ہے انہیں جوازات کی جانب سے خصوصی پرمٹ جاری کئے جاتے ہیں ۔ ہر برس بیرون ملک سے عازمین حج کی آمد کے ساتھ ہی جوازات کی جانب سے مکہ مکرمہ کے تمام داخلی راستوں پرقائم چیک پوسٹوں پر متعین اہلکار بغیر پرمٹ کے کسی کو جانے نہیں دیتے ۔ پرمٹ حاصل کرنے کے لئے گزشتہ برس تک روایتی طریقہ اپنایا جاتا تھا جبکہ امسال جوازات نے ڈیجیٹل سہولت جاری کر دی ۔ جوازات کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر پرمٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ کمپنیاں جن کے ملازمین کو حج سیزن میں مکہ مکرمہ جانا ہوتا ہے وہ جوازات کی ڈیجیٹل ویب سائٹ ” مقیم“ کے ذریعے اپنے اکاﺅنٹ پر لاگ ان کر کے جس کےلئے پرمٹ حاصل کرنا ہو اس کی معلومات اپ لوڈ کر سکتے ہیں ۔ ویب سائٹ پر ان افراد کو پرمٹ جاری کر دیئے جائیں گے جن کے بارے میں کمپنیاں یہ یقین دہانی کریں کہ انکے ملازمین کو کام کی غرض سے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانا ہے ۔ جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مقیم ویب سائٹ پر موصول ہونے والی درخواست کا فوری جواب دے کر ڈیجیٹل پرمٹ جاری کردیا جاتا ہے ۔بغیر پرمٹ کے مکہ مکرمہ جانا خلاف قانون تصور ہوتا ہے جس کی سزا مقرر ہے ۔ وہ افراد جنہوں نے پرمٹ حاصل نہیں کئے انہیں چاہئے کہ وہ حج سے قبل مکہ مکرمہ نہ جائیں ۔ 

شیئر: