جوونٹس کیلئے بہتر کارکردگی دکھاوں گا، رونالڈ
تورین:پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ اپنے نئے کلب جوونٹس اور اس کے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنا چاہتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ریئل میڈرڈ کی نسبت یہاں زیادہ اچھا کھیل پیش کریں۔گزشتہ روز نئے کلب کی جرسی زیب تن کرنے کے موقع انہوں نے مزید کہا کہ وہ جوونٹس کے لئے بھی اعلیٰ ترین معیار کی فٹبال کھیلنے کے لئے پر عزم ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ کلب انتظامیہ اور مداح مایوس نہیں ہوں گے۔ان کی کوشش ہوگی کہ اطالوی کلب کیلئے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ رونالڈو نئے سیزین میں لا لیگا کے بجائے اٹلی کی فٹبال لیگ ”سیری اے“ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اطالوی کلب کے ساتھ ان کا 100ملین پونڈ کا 4سالہ معاہدہ اب باضابطہ شکل ا ختیار کرگیا ہے ۔ رونالڈو نے کہا کہ وہ انٹر نیشنل فٹبال سے ریٹائر نہیں ہو رہے اور اپنی قومی ٹیم پرتگال کی نمائندگی بھی جاری رکھیں گے جس کے وہ اس وقت کپتان بھی ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال اور رونالڈو کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور اسی وجہ سے وہ بہتر کارکردگی کے لئے دباو کا سامنا بھی کررہے ہیں۔رونالڈو نے یہ دعویٰ بھی کیا جوونٹس واحد کلب ہے جس سے ان کا رابطہ اور پھرمعاہدہ ہوا ، کسی اور سے انہوں نے نہ تو رابطہ کیا اور نہ ہی خواہشمند تھے۔