ریاض.... ریاض پولیس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ رہزنی کیلئے گاڑیاں چوری کرنے والاگروہ گرفتارکرلیا گیا۔ 7افراد پر مشتمل تھا۔ ان میں 3سعودی ، 2پاکستانی ، ایک سوڈانی اور ایک شامی شہری شامل تھے۔ ان کے قبضے سے282نشہ آور گولیاں اور ڈھائی کلو حشیش برآمد ہوئی۔ ان کے خلاف رہزنی اور چوری کی وارداتوں کے شواہد ملے ہیں۔ گروہ کے افراد نے 124وارداتوں کا اعتراف کرلیا جلد ہی انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائیگا۔ ریاض پولیس کا کہناہے کہ وزارت داخلہ تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہ اطمینان دلانا ضروری سمجھتی ہے کہ وطن عزیز کے امن و امان اور یہاں آباد ہر انسان کی سلامتی کا مکمل دھیان رکھا جارہا ہے۔ کسی کو کسی بھی طرح سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ سیکیورٹی ادارے معاشرے کے استحکام اور امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ان میں سے جو بھی کسی بھی طرح کی جارحیت کا ارتکاب کریگا اس سے آہنی پنجے سے نمٹا جائیگا۔