نواز شریف کا جیل میں طبی معائنہ
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت خرابی کے باعث اسلام آباد کے پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معاینہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کو کالونی گیٹ سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل کیا گیا جبکہ نواز شریف کو ان کے سیل سے جیل اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ آئی جی جیل خانہ جات لاہور کو بھجوائی جائے گی۔ جس کی روشنی میں نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا طبی معاینہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کے خون میں یورک ایسڈ کی مقدار حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور جس کی وجہ سے ان کے گردے فیل ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے طبی معاینے کے بعد نواز شریف کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔