مکہ مکرمہ میں خودکار چالان سسٹم 5 دن بعد نافذ کر دیاجائے گا
ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال او ر سیٹ بیلٹ نہ باندھے پر چالان ہو گا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں 5 دن بعد ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر خود کار چالان سسٹم شروع کر دیاجائے گا ۔ سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ٹویٹر پرکہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کےلئے خود کار چالان سسٹم کی تنصیب کا عمل جاری ہے ۔ سسٹم 28 جولائی سے فعال ہو جائے گا ۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سسٹم کی تنصیب کا اصل مقصد لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا پابند بنانا تاکہ حادثات کی روک تھام ہو اور لوگوں کی جان و مال محفوظ رہے ۔ ٹریفک قوانین لوگوں کی حفاظت کےلئے نافذ کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے موبائل پر گفتگو کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے ۔ خاص کر شاہراہوں پر ہونے والے ہولناک حادثات اسی وجہ سے ہوتے ہیں ۔ مکہ مکرمہ کی اہم شاہراہوں پر خود کار سسٹم کی تنصیب کا عمل جاری ہے جس کی ڈیڈ لائن میں 5دن باقی ہیں ۔ مقررہ مد ت ختم ہونے کے بعد خودکارسسٹم کے ذریعے چالان کا عمل شروع کردیا جائے گا ۔