عمران خان وزارت عظمی کا حلف کب اٹھائینگے؟
اسلام آباد.. تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 11 اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا نام فائنل کر چکا ہوں۔ آئندہ 48 گھنٹے میں اعلان کر دوں گا لیکن کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آوں گا۔ بنی گالہ میں خیبر پختونخوا سے نو منتخب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سے متعلق فیصلہ عوام کی بہتری کے لئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آ کر اندرون سندھ کی پسماندگی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔دریں اثناء تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے ایوان صدر کے بجائے عوام کے درمیان حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں لیاجاتا ہے۔ صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے حلف لیتے ہی تاہم عمران خان نئی مثال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کی اس تجویز کی حمایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے ڈی چوک پر حلف اٹھاسکتے ہیں۔ پریڈ گراونڈ سمیت دیگر آپشنز بھی زیرغور ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔