سراج الحق اور فضل الرحمان میں اختلافات
لاہور: ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پارلیمان سے حلف نہ لینے کی تجویز متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں۔ پورے وقار کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ہم نے با کردار قیادت کو انتخابی عمل کا حصہ بنایا لیکن اداروں کی بہت زیادہ مداخلت نے رائے عامہ کو متاثر کیا اور قومی و سیاسی قیادت کو منظر سے ہٹانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا گیا۔ کراچی سے دیر اور چترال تک انتخابی نتائج بروقت جاری نہ کیے جاسکے اور الیکشن کے پورے عمل کو مشکوک بنایا گیا، افسوس کہ پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جمہوریت کی گردن پر انگوٹھا رکھ کر اس کی روح نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم شدید تحفظات کے باوجود نئی حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے عمران خان کا وعدہ پورا ہونے کا انتظار کریں گے ۔