71فیصد سعودی بجلی میں کفایت شعاری کیلئے پرعزم
جدہ .... 71فیصد سعودی صارفین نے بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری کا عزم ظاہر کردیا۔الراجحی مالیاتی کمپنی نے حال ہی میں صارفین کے طور طریقوں سے متعلق تجزیاتی تاثرات پر ایک جائزہ تیار کرایا۔ جائزہ نگاروں نے بتایا کہ صارفین نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں پیٹرول اور بجلی کے نرخوں نیز ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے اجراءکی صورت میں اقتصادی اصلاحات کے بعد ہمارے طور طریقے بدلنے لگے ہیں۔ 55فیصد سعودیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پیٹرول کا خرچ کم کریں گے۔ 71فیصد نے کہا کہ وہ بجلی میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں گے جبکہ 58فیصد نے کمیونیکیشن اور 59فیصد نے کھانے پینے کی اشیاءکے سلسلے میں کفایت شعاری کا عندیہ دیا۔ 59فیصد سعودیوں نے ریستوران کم سے کم جانے کا عندیہ دیا۔ 52فیصد نے ملبوسات اور آرائشی اشیاءکی خریداری میں کمی لانے کا فیصلہ کیا۔ 54 فیصد نے سیر و سیاحت پر خرچ کم کرنے کا پروگرام بنالیا۔ سعودی شہری پیٹرول کم خرچ کرنے والی گاڑیوں میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔ علاوہ ازیں بجلی کم خرچ کرنے والے آلات اور مشینیں استعمال کرنے لگے ہیں۔ آن لائن شاپنگ شروع کردی ہے۔ سستے مارکوں والی اشیاء خرید نے لگے ہیں۔