شاہ سلمان مرکز ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم کی میزبانی کرے گا
فورم اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں کے اشتراک سے منعقد ہوگا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات آئندہ سال 24 اور 25 فروری کو ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ فورم سعودی امدادی ایجنسی کے قیام کے دس برس مکمل ہونے پر اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
یہ فورم انسانی امداد میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے عالمی رہنماوں، ڈونرز، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ماہرین کو اکھٹا کرے گا۔
ایونٹ میں سعودی عرب اور دنیا بھر کے معروف محققین اور ماہرین کے ساتھ پینل مباحثے بھی ہوں گے۔
فورم کے موضوعات میں تنازعات اور آفات کو کم کرنے میں سفارتکاری کا کردار، امداد اور امدادی سامان کی موثر فراہمی کےلیے حکمت عملی، بڑھتے ہوئے تنازعات اور قدرتی آفات کے درمیان نقل مکانی سے نمٹنا شامل ہے۔
اجلاس کا مقصد عالمی امدادی کوششوں کو بڑھانا اور انسانی ہمدردی کے کاموں کو درپیش چیلنجوں کے لیے جدید عملی حل تلاش کرنا ہے۔
یاد رہے شاہ سلمان مرکز سعودی عرب کا انسانی ہمدردی کا شعبہ ہے جو دنیا بھر میں بحرانوں سے نمنٹے اور کمزور کمیونٹی کی مدد میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے 1996 سے 2024 تک 133 ارب ڈالر انسانی بنیادوں پر امداد مہیا کی گئی ہے جس سے 170 ممالک کے لوگ مستفیض ہوئے۔
واشنگٹن میں امریکی، عرب تعلقات کونسل کی جانب سے شاہ سلمان مرکز برائے فلاح انسانیت کو ’ اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔