پاکستان میڈیکل حج مشن نے حرمین شریفین میں طبی خدمات کا آغاز کر دیا
مکہ مکرمہ میں 35بستروں کے اسپتال کے علاوہ 9ڈسپنسریاں ، ایمبولینس سروس اور مدینہ منورہ میں اسپتال کے علاوہ 3ڈسپنسریاں طبی سہولتیں فراہم کرینگی
مکہ مکرمہ(ندیم ذکاء) حج 1439ھ کیلئے پاکستان حج میڈیکل مشن نے حجاج کرام کی طبی خدمات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 84ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے مقدس سرزمین پر حاضری دینگے۔ عازمین کو صحت کی سہولیات بہم پہنچانے اور کسی مرض میں مبتلا ہو جانے پر طبی سہولت کیلئے پاکستانی وزارت حج کی زیرنگرانی مکہ مکرمہ میں حج میڈیکل مشن نے 35بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کرلیا ہے۔ اسپتال میں24گھنٹے ایمرجنسی یونٹ ، لیبارٹری، ایکسرے اور ڈینٹل سروس مہیا کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی حجاج کرام کی رہائش کے قریب مختلف محلوں میں 9ڈسپنسریاں بھی قائم کر دی گئی ہیں جہاں پر پاکستان حج میڈیکل مشن کی جانب سے ایمبولینس سروس بھی میسر ہے جو بوقت ضرورت پاکستانی عازمین کو ان کی رہائش پر طبی سہولت فراہم کرتی ہے اور اسپتال پہنچانے میں مددکر رہی ہے۔ 15بستروں کا اسپتال اور 3ڈسپنسریاں مدینہ منورہ میں بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن کی زیرنگرانی ایک ڈسپنسری حاجی کیمپ جدہ میں بھی کام کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر ذاکر حسین کی نگرانی میں خدمت سے سرشار ماہر اورخوش اخلاق عملہ پاکستان سے مملکت پہنچ چکا ہے۔ پورے پاکستان سے منتخب کردہ مختلف شعبوں کے ماہر 150ڈاکٹرز کے علاوہ 35فارماسسٹ اور 400 پیرامیڈیکل اسٹاف نے خدمات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل پرمشتمل مزید 150افراد 5اگست تک مملکت پہنچ کر مشن میں شامل ہو جائیںگے جو حرمین شریفین میں عازمین کے قیام تک موجود رہیں گے۔ اسپتال میں ہر طرح کے ٹیسٹ او رادویات بالکل مفت مہیا کی جاتی ہیں ۔ میڈیکل مشن کو سعودی عرب میں مکمل حج آپریشن تک سفارتخانہ پاکستان اور قونصلیٹ جنرل جدہ کی سرپرستی کے ساتھ مکمل تعاون اور ہر سہولت فراہم کی جا تی ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب کے محکمہ صحت کی ٹیم نے اسپتال کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر ذاکر حسین کی رہنمائی میں وہاں موجود چیف فارماسسٹ ڈاکٹر عبدالرشید نے دی جانیوالی سہولتوں اور ادویات کے بارے میں انہیں مکمل آگاہی فراہم کی جس پر سعودی وزارت صحت کے عملے نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام سہولتوں کی تعریف کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔